مینگلور2؍نومبر (ایس او نیوز) ضلع جنوبی کینرا کے پتور میں ڈربے بائی پاس کے قریب ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں سڑک کنارے چل رہے ماں اور دو بچوں سے ایک بے قابو کار ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 9سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا جبکہ ماں اور دوسرے بچے کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثہ پیر کو پیش آیا۔
اطلاع کےمطابق کیرالہ رجسٹریشن والی کار جو مینگلور سے سولیا جارہی تھی، پہلے ماں اور دو بچوں سے ٹکرائی پھر اس کے بعد سامنے سے آرہی ایک اور کار سے بھی اس کاتصادم ہوگیا۔ کار کی ٹکر سے پیدل سڑک کنارے جانے والے بچے اور ماں جو زخمی ہوئے ہیں ان کی شناخت فوری طورپر نہیں ہوسکی ہے۔ کار کی ٹکر کے نتیجے میں دونوں بچے شدید زخمی ہوگئے اور ماں کو ہلکے پھلکے زخم آئے ۔ زخمیوں کو فوراً پتور کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیاگیا مگر 9 سالہ لڑکے نے زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، جبکہ دوسرے لڑکے کو مزید علاج کے لئے منگلورو کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔بچوں کی ماں کاعلاج پتور کے نجی اسپتال میں ہی ہورہا ہے۔